لاہور (شوبز ڈیسک) حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ مومنہ اقبال کی رخصتی کی تاریخ سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ان کی بہن اور قانونی مشیر رمشا اقبال نے مداحوں کے اہم سوالات کے جوابات دے دیے ہیں۔مومنہ اقبال ان دنوں اپنی شادی اور ایک قانونی معاملے کے باعث مسلسل خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان کا نکاح حمزہ حبیب کے ساتھ ہو چکا ہے، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔تاہم نکاح کے بعد یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ اداکارہ کی رخصتی کب ہوگی۔ اس حوالے سے رمشا اقبال نے واضح کیا ہے کہ اب تک ہونے والی تمام تقریبات صرف نکاح کی خوشی میں منعقد کی گئی تھیں جبکہ رخصتی ابھی نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ رخصتی رواں سال نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔رمشا اقبال نے ایک قانونی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ادارے کی کارروائی خاندان کے لیے اطمینان کا باعث ہے۔ ان کے مطابق مقدمے کے اندراج میں ٹھوس شواہد اور بروقت دستاویزات نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ثاقب چدھڑ کے پاس مومنہ اقبال کی کوئی نجی ویڈیوز موجود نہیں تھیں بلکہ وہ مبینہ طور پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز تیار کر کے سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکیاں دیتا رہا۔رمشا اقبال کے مطابق اس قانونی تنازع اور دباؤ نے مومنہ اقبال کو ذہنی طور پر متاثر کیا، اسی لیے خاندان نے نکاح کے بعد خوشی کا ماحول برقرار رکھنے اور اداکارہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ شادی کی تقریبات مکمل ہونے کے باوجود مومنہ اقبال کی رخصتی ابھی باقی ہے اور اسے مناسب وقت پر مکمل کیا جائے گا۔
مومنہ اقبال کی رخصتی کی تاریخ سامنے آ گئی، بہن کی وضاحت جاری
2 گھنٹے قبل