مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ کے خلاف ہر فورم پر جانے کا اعلان
لاہور( شوبز ڈیسک) اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف ہر فورم سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں ملک کی تمام لڑکیوں کی نمائندگی کر رہی ہیں اور کسی کی عزت سے کھیلنے کے بعد خاموشی اختیار کرنا قابل قبول نہیں۔اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے نے مبینہ ملی بھگت سے تفتیش کا رخ تبدیل کیا اور انہیں اس تبدیلی سے آگاہ بھی نہیں کیا گیا۔مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ ثاقب چدھڑ کے خلاف موجود تمام ثبوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے لائیں گی اور معاملے پر ہر فورم سے رجوع کریں گی۔ ان کے مطابق انہیں صلح کی کئی پیشکشیں ہوئیں، تاہم انہوں نے صلح سے انکار کردیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی لوگوں نے انہیں یہ کہہ کر خاموش رہنے کا مشورہ دیا کہ ان کی شادی ہوچکی ہے، لیکن انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی کے خلاف آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا۔