تنازعات سے نہیں، محنت سے شناخت بنتی ہے، محمد احمد کا سوشل میڈیا رجحانات پر تبصرہ

تنازعات سے نہیں، محنت سے شناخت بنتی ہے، محمد احمد کا سوشل میڈیا رجحانات پر تبصرہ

Jul 15, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار، مصنف اور ہدایت کار محمد احمد نے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے منفی اور تنازعات پر مبنی مواد کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل بہت سے لوگ بامقصد تخلیقی کام کے بجائے دوسروں پر تنقید کر کے شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں محمد احمد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کچھ سوشل میڈیا صارفین کی نظر میں اداکاری اور لکھنا کوئی مشکل کام نہیں رہا، کیونکہ آج کل توجہ حاصل کرنے کا آسان ترین طریقہ دوسروں پر تنقید کرنا اور تنازع کھڑا کرنا بن چکا ہے، جس سے فوری طور پر ویوز، لائکس اور شہرت حاصل ہو جاتی ہے۔انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ بعض افراد جب اپنے شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل نہیں کر پاتے یا ان کے پاس پیش کرنے کے لیے کوئی قابلِ ذکر کام نہیں ہوتا تو وہ دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ ان کے مطابق آن لائن تنازعات پیدا کرنا اب فالوورز اور عوامی توجہ حاصل کرنے کا ایک آسان ذریعہ بن چکا ہے۔محمد احمد نے یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر روسٹنگ، گپ شپ اور ذاتی تنقید کے بڑھتے ہوئے رجحان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ منفی اور سنسنی خیز مواد کو اکثر معیاری اور تخلیقی کام سے زیادہ پذیرائی ملتی ہے، جس کی وجہ سے مزید لوگ بھی اسی راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اداکاری، تحریر یا کسی بھی تخلیقی میدان میں حقیقی کامیابی برسوں کی محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہوتی ہے، لیکن سوشل میڈیا کے موجودہ ماحول میں تنازعات اور سنسنی خیزی بامعنی تخلیقی کام کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے مقبول ہو جاتی ہے۔اگرچہ محمد احمد نے اپنے بیان میں کسی شخصیت کا نام نہیں لیا، تاہم ان کی گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ متعدد صارفین نے اسے ان شخصیات پر بالواسطہ تنقید قرار دیا ہے جو اپنے پیشہ ورانہ کام کے بجائے تنازعات کے باعث خبروں میں رہتی ہیں، جبکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔