وینزویلا میں زلزلے کے 8 روز بعد ملبے سے زندہ شخص کی معجزانہ بازیابی
کاراکاس( مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے دو تباہ کن زلزلوں کے آٹھ روز بعد ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے ایک شخص کو زندہ نکال لیا، جسے امدادی کارکنوں اور اہلِ خانہ نے ایک معجزہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ سکیورٹی گارڈ ہرنان گل ساحلی شہر کاتیا لا مار میں سات منزلہ عمارت کے ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے تقریباً 72 گھنٹے تک مسلسل آپریشن جاری رکھا اور بالآخر انہیں بحفاظت زندہ نکال لیا۔حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی موجودگی کا سراغ تین روز قبل مل گیا تھا، جس کے بعد وینزویلا سمیت چلی، امریکا، پرتگال، کوسٹا ریکا، ایل سلواڈور اور میکسیکو کی امدادی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کی۔ریسکیو کے دوران اہلکاروں نے تقریباً تین میٹر طویل سرنگ کھود کر ہرنان گل تک رسائی حاصل کی اور اس دوران انہیں آکسیجن اور پانی فراہم کیا جاتا رہا۔ہرنان گل کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی بحفاظت بازیابی کو "معجزہ" قرار دیتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔