ٹرمپ کا دعویٰ، امریکا نے ایران کے خلاف جنگ شروع نہیں کی

ٹرمپ کا دعویٰ، امریکا نے ایران کے خلاف جنگ شروع نہیں کی

Oct 29, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جنگ شروع نہیں کی، جبکہ حملوں کے نتیجے میں ایران کے میزائلوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے امریکی ریاست اوہائیو کے شہر چیلیکوتھی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس اب بھی میزائل موجود ہیں، تاہم ان کی تعداد پہلے کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی ڈرون ساز صنعت کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث ڈرون بنانے والے ادارے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے میں دشواری محسوس کررہے ہیں۔ رپورٹ میں ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں کی گئی۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ تنازع ان کے اقتدار میں آنے سے بہت پہلے حل ہوجانا چاہیے تھا اور انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کو ضروری قرار دیا۔رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر حملے شروع کیے تھے، جبکہ اس وقت ایرانی جوہری پروگرام پر عمان کی ثالثی میں مذاکرات جاری تھے۔ گزشتہ سال بھی مذاکرات کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔