شادی اور طلاق میرا اپنا فیصلہ تھا، میرا سیٹھی کا پہلی بار کھلا اعتراف
کراچی( شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے پہلی بار اپنی شادی اور طلاق کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں فیصلے ان کے اپنے تھے اور وہ اس کا ذمہ دار کسی دوسرے کو نہیں ٹھہراتیں۔میرا سیٹھی نے ایک حالیہ گفتگو میں اپنی ازدواجی زندگی، طلاق کے تجربات اور ذاتی فیصلوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے اہم فیصلے خود کیے اور ان کے نتائج کی ذمہ داری بھی خود قبول کرتی ہیں۔میرا سیٹھی پاکستان کی معروف اداکارہ اور لکھاری ہیں، جنہوں نے "کچھ ان کہی"، "محبت صبح کا ستارہ ہے"، "چپکے چپکے" اور "ڈاکٹر بہو" سمیت متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔وہ معروف صحافتی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد نجم سیٹھی اور والدہ جگنو محسن ملک کی ممتاز صحافتی اور ٹیلی ویژن شخصیات ہیں، جبکہ ان کے بھائی علی سیٹھی معروف گلوکار ہیں۔یاد رہے کہ میرا سیٹھی نے نومبر 2019 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور 2023 میں طلاق پر اختتام پذیر ہوا۔ اداکارہ نے گزشتہ برس عوامی سطح پر اپنی علیحدگی کی تصدیق بھی کی تھی۔