کئی ڈراموں کے سکرپٹ مصنوعی ذہانت سے تیار کیے جا رہے ہیں:مہر بانو کا انکشاف

کئی ڈراموں کے سکرپٹ مصنوعی ذہانت سے تیار کیے جا رہے ہیں:مہر بانو کا انکشاف

Jul 17, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ، ڈیجیٹل کریئیٹر اور رقاصہ مہر بانو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت متعدد ٹی وی ڈراموں کے سکرپٹس مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیے جا رہے ہیں، جس سے پیشہ ور مصنفین کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں مہر بانو نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو اس بات کا اندازہ نہیں کہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے کئی ڈراموں کی کہانیاں اور سکرپٹس مصنوعی ذہانت کی مدد سے لکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی ایسے ایک منصوبے کا حصہ رہ چکی ہیں۔اداکارہ کے مطابق یہ رجحان ان مصنفین کے ساتھ ناانصافی ہے جنہوں نے برسوں محنت کرکے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ کام کم کر رہی ہیں کیونکہ موجودہ صورت حال سے شدید مایوسی محسوس کرتی ہیں۔مہر بانو نے گفتگو کے دوران ڈرامہ انڈسٹری میں خواتین کو درپیش مسائل پر بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ می ٹو تحریک کے بعد بھی خواتین کے لیے کام کی جگہیں مکمل طور پر محفوظ نہیں بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں خواتین کو اب بھی مختلف مشکلات اور غیر مناسب رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مہر بانو کے مطابق انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ایسے افراد کے ساتھ کام کیا جن کا رویہ پیشہ ورانہ تقاضوں کے خلاف تھا، جبکہ شوٹنگ کے دوران نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ پیش آنے والے بعض واقعات بھی انہوں نے دیکھے، جو ان کے بقول انتہائی افسوسناک تھے۔اداکارہ نے دعا کی کہ کسی بھی خاتون یا نوجوان لڑکی کو اپنے کام کی جگہ پر ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔