میگا کنٹینر جہاز ایم ایس سی ایریکا کراچی پورٹ پہنچ گیا
کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی پورٹ پر دنیا کے بڑے کنٹینر بردار جہازوں میں شمار ہونے والا ایم ایس سی ایریکا لنگر انداز ہو گیا، جسے بندرگاہ کی استعداد اور صلاحیت کا اہم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق جہاز کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی پورٹ انتہائی بڑے کنٹینر جہازوں کو محفوظ اور مؤثر انداز میں سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ترجمان کے مطابق ایم ایس سی ایریکا کی لمبائی 398.5 میٹر، چوڑائی 59 میٹر اور گنجائش 20 ہزار ٹی ای یوز ہے، جبکہ اس کا مجموعی وزن ایک لاکھ 94 ہزار 308 میٹرک ٹن اور ڈرافٹ 12 میٹر ہے، جس کے باعث اسے دنیا کے بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔کراچی پورٹ پر کارگو آپریشن کے دوران جہاز سے 3 ہزار سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع ہے، جس کے بعد یہ اپنی اگلی منزل دالیان، چین کے لیے روانہ ہوگا۔کے پی ٹی کے مطابق جہاز کے کپتان نے کراچی پورٹ کے پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت، محفوظ رہنمائی اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کراچی پورٹ کو خطے کی بہترین بندرگاہوں میں شامل قرار دیا۔