پشاور( اباسین خبر)خیبرپختونخوا کی انسداد دہشت گردی فورس سی ٹی ڈی کوہاٹ نے ایک اہم انٹیلیجنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی پالیسی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کے تحت صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔اسی سلسلے میں سی ٹی ڈی کوہاٹ کو اطلاع ملی تھی کہ مبینہ طور پر دہشت گرد شکردرہ روڈ کے علاقے میں چیک پوسٹ قائم کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت کو متاثر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل یونٹ نے فوری کارروائی کی، تاہم موقع پر موجود مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے کلاشنکوف، میگزینز اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سی ٹی ڈی کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی عناصر کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔دوسری جانب صوبائی قیادت نے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیابیاں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔