لارڈز ٹیسٹ، پاکستانی شائقین کا جوش اور برطانیہ کے بدلتے موسم
لندن( سپورٹس ڈیسک) برطانیہ کے موسم کے بارے میں مشہور ہے کہ یہاں اس کا کوئی اعتبار نہیں، لندن آمد پر دھوپ نے استقبال کیا لیکن ٹیسٹ میچ کے دن اچانک بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث موسم نے اپنا رنگ بدل لیا۔کراچی سے دبئی کے راستے لندن پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ گزشتہ تین ماہ سے شدید گرمی اور انتہائی کم بارش کا سلسلہ جاری تھا، تاہم لارڈز ٹیسٹ کے روز بارش نے کرکٹ سرگرمیوں کو متاثر کیا۔لارڈز پہنچنے پر میڈیا سینٹر میں صحافیوں کے درمیان پاکستانی ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر گفتگو ہوئی۔ اندازہ تھا کہ اوپننگ جوڑی برقرار رہے گی جبکہ سلمان علی آغا کو ٹیم سے باہر کیا جاسکتا ہے، جو بعد میں درست ثابت ہوا۔پاکستان کرکٹ کے فیصلوں کو غیر متوقع قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے، تاہم سلمان علی آغا کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ڈراپ کرنے کا فیصلہ قابلِ فہم محسوس ہوتا ہے۔لارڈز اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ برطانیہ میں کرکٹ سے لوگوں کی گہری وابستگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹیسٹ میچ دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔اسٹیڈیم میں کھانے پینے کے اسٹالز کے علاوہ کرکٹ سے متعلق مختلف دکانیں بھی قائم تھیں، جہاں شرٹس، ٹوپیاں اور دیگر اشیا فروخت کی جارہی تھیں۔ تاہم کم قیمت شرٹ بھی تقریباً 40 پاؤنڈ کی تھی۔لارڈز میں پاکستانی شائقین بھی بڑی تعداد میں دکھائی دیے۔ کینیڈا سے خصوصی طور پر ٹیسٹ میچ دیکھنے آنے والے ایک پاکستانی شائق احمر سمیت کئی مداحوں سے ملاقات ہوئی، جو قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔