پیٹرول کی سپلائی محدود، متعدد پمپ متاثر ہونے لگے

پیٹرول کی سپلائی محدود، متعدد پمپ متاثر ہونے لگے

Jul 16, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( کامرس ڈیسک) پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری نعمان مجید نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مختلف پیٹرول پمپوں کو ایندھن کی فراہمی محدود کر دی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد پیٹرول فراہم کیا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سپلائی میں کمی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ محدود فراہمی کے باعث دیہی علاقوں کے تقریباً 90 فیصد اور شہری علاقوں کے 50 فیصد پیٹرول پمپ متاثر ہوئے ہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ درآمدی ایندھن کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر سپلائی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ کمپنیوں نے مطالبہ کیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔کمپنیوں نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کی مجوزہ پالیسی پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام نہ عوام کے مفاد میں ہے اور نہ ہی کاروباری سرگرمیوں کے لیے موزوں ثابت ہوگا۔