ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے نئی آنے والی فلم ’’کالا ہرن‘‘ کے پروڈیوسرز کے خلاف پرسنلٹی رائٹس کی مبینہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے فلم کے تخلیق کاروں کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے فلم کی ریلیز اور پروموشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم کا مواد سلمان خان کے 1998 کے مبینہ ہرن شکار کیس سے مشابہت رکھتا ہے اور ان کی اجازت کے بغیر ان کے نام، شخصیت یا کسی متعلقہ واقعے کو استعمال کیا جا رہا ہے۔سلمان خان کی قانونی ٹیم کے مطابق کسی بھی فرد کی شخصیت کو اس کی رضا مندی کے بغیر استعمال کرنا نہ صرف قانونی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ان کے منصفانہ عدالتی حق کو بھی متاثر کر سکتا ہے، کیونکہ متعلقہ مقدمہ اس وقت بھی زیر سماعت ہے۔ادھر فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسرز نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی نوٹس دراصل پروڈکشن ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق فلم حقیقی واقعات سے متاثر ضرور ہے لیکن اس میں کسی فرد کی ذاتی شناخت کو براہ راست استعمال نہیں کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق فلم کے حالیہ پوسٹر کی ریلیز اور ٹیزر کے اعلان کے بعد یہ تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ سلمان خان کے خلاف پرانا کیس ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
سلمان خان کا نئی فلم ‘کالا ہرن’ کے خلاف قانونی نوٹس، پرسنلٹی رائٹس کی خلاف ورزی کا الزام
2 گھنٹے قبل