ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ لارا دتہ نے اپنے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے کا انکشاف کیا ہے، جب وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ڈوبنے کے قریب پہنچ گئیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں لارا دتہ نے بتایا کہ اپنی ڈیبیو فلم ’انداز‘ کے دوران انہیں پانی میں ایک سین کے لیے اترنا پڑا، حالانکہ انہیں اس وقت تیراکی نہیں آتی تھی۔ وہ بھاری لیدر لباس میں تھیں جس کی وجہ سے پانی میں سنبھلنا مشکل ہو گیا اور وہ تقریباً ڈوب گئیں۔اداکارہ کے مطابق وہ پانی میں کسی پتھر کی طرح ڈوب رہی تھیں اور صورتحال خطرناک حد تک بگڑ گئی تھی، تاہم ساتھی اداکار اکشے کمار نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں بچا لیا، اور یوں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔لارا دتہ نے اس واقعے کو اپنی زندگی کے سب سے ڈراؤنے لمحات میں سے ایک قرار دیا اور بتایا کہ اس کے بعد وہ شدید صدمے کا شکار ہو گئی تھیں۔ واقعے کے فوراً بعد شوٹنگ روک دی گئی اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت کو سنبھالا گیا۔
لارا دتہ کی خوفناک کہانی: فلم کی شوٹنگ کے دوران ڈوبنے کا خوفناک واقعہ
3 گھنٹے قبل