واشنگٹن ( شوبز ڈیسک) معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے سانس کے انفیکشن میں مبتلا ہونے کے باعث کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہونے والا اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چالیس سالہ گلوکارہ کو کنسرٹ سے چند روز قبل بیماری کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد انہوں نے براہ راست پرفارمنس کے بجائے آرام کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔لیڈی گاگا نے سماجی رابطوں کے ذریعے اپنے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کنسرٹ کی منسوخی پر معذرت بھی کی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر افسردہ ہیں لیکن صحت کو ترجیح دینا ضروری تھا۔رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ سانس کا انفیکشن ان کی آواز کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے مکمل آرام بے حد ضروری ہے۔تاحال گلوکارہ کی مکمل صحت یابی کے حوالے سے کوئی حتمی وقت سامنے نہیں آیا، تاہم مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔