ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر روسی کردار کا خیرمقدم کیا، کریملن
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدارتی دفتر کریملن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے مسئلے کے حل میں روس کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔کریملن کے ترجمان کے مطابق روس اور امریکا کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔ روس امریکا اور عالمی منڈیوں کو پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔روسی صدارتی دفتر نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی منڈیوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی، جس میں یوکرین تنازع، ایران کی صورتِ حال، روسی ایندھن کی فراہمی اور بڑے اقتصادی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے یوکرین تنازع کے حل پر بھی خصوصی گفتگو کی، جبکہ روس امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے مناسب وقت پر غور کرے گا۔روسی صدارتی دفتر کے ترجمان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے مسئلے کے حل میں روس کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ پیوٹن اور ٹرمپ نومبر میں چین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپیک) اجلاس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔