میکسیکو کی جیل میں خونریز جھڑپ، بچے سمیت 10 افراد ہلاک، 16 زخمی
میکسیکو ( مانیٹرنگ ڈیسک) شمال مغربی ریاست سینالوا کی ایل کاسٹیلو جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 9 قیدی اور ملاقات کے لیے آنے والا ایک بچہ ہلاک ہوگیا، جبکہ 16 قیدی زخمی ہوئے۔عالمی میڈیا کے مطابق ریاستی سیکریٹریٹ برائے عوامی تحفظ نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔سیکریٹریٹ کے مطابق مختلف اداروں کے اہلکاروں نے مداخلت کرکے صورتِ حال پر قابو پالیا ہے اور جیل اب انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے۔ ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر کو واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے، جو اس کی وجوہات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کا تعین کرے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ سماجی کارکن متاثرین کے اہلِ خانہ کو صورتِ حال سے آگاہ کررہے ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر جیل میں قیدیوں سے ملاقاتیں معطل کردی گئی ہیں، جبکہ حکام کے مطابق دیگر قیدی محفوظ ہیں۔