خواتین پر کفالت لازم نہیں، کومل عزیز کے بیان پر بحث

خواتین پر کفالت لازم نہیں، کومل عزیز کے بیان پر بحث

Jul 15, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان کے والدین کی مالی کفالت سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔کومل عزیز خان، جو گزشتہ کچھ عرصے سے اداکاری سے دور رہ کر ملبوسات کے کاروبار پر توجہ دے رہی ہیں، نے اپنے انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک گھر کے اخراجات اٹھانا خواتین نہیں بلکہ مردوں کی ذمے داری ہے۔مداح نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنی والدہ کی مالی مدد کرتی ہیں؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ وہ ایسا نہیں کرتیں کیونکہ ان کے مطابق کفالت کی ذمہ داری مردوں پر عائد ہوتی ہے۔بعد ازاں کومل عزیز نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مرحوم والد کی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی میں ہی ان کی والدہ کے لیے ایسے مالی وسائل چھوڑے کہ انہیں کبھی اپنی اولاد پر معاشی طور پر انحصار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس موقع پر بچت اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں اور اس موضوع پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ کومل عزیز خان حال ہی میں اس وقت بھی خبروں میں آئیں جب انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اپنے خاندان کی حمایت کے ساتھ الگ اور خودمختار زندگی گزار رہی ہیں۔