خیبرپختونخوا پولیس کا 12 اضلاع کیلئے 25 ارب روپے کا مطالبہ

خیبرپختونخوا پولیس کا 12 اضلاع کیلئے 25 ارب روپے کا مطالبہ

Nov 6, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے 12 مخصوص اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے اور پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے وزیرِاعظم شہباز شریف کو اضافی فنڈز کی فراہمی سے متعلق مسودہ ارسال کر دیا ہے۔پولیس دستاویزات میں ان اضلاع کے لیے موجودہ بجٹ کے علاوہ 25 ارب روپے اضافی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود کی خریداری کے لیے 2 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ، گاڑیوں کی حفاظتی تیاری اور بکتر بند گاڑیوں (اے پی سیز) کے لیے 3 ارب 66 کروڑ 40 لاکھ روپے درکار ہیں۔پولیس نے 140 چار پہیوں والی سنگل کیبن گاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ارب 33 کروڑ روپے بھی مانگے ہیں۔اسی طرح محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے لیے 10 ارب 30 کروڑ روپے جبکہ اس کے علاقائی دفاتر اور ضلعی نظام کو فعال بنانے کے لیے 5 ارب 33 کروڑ روپے فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔دستاویزات میں سی ٹی ڈی کی 82 نگرانی کرنے والی گاڑیوں کی خریداری کے لیے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے کی ضرورت بھی ظاہر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے طلب کی گئی یہ رقم پہلے سے مختص بجٹ کے علاوہ ہے۔