خیبرپختونخوا میں امن کیلئے وفاقی تعاون ضروری ہے، فیصل کنڈی
پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا طویل عرصے سے دہشت گردی اور بدامنی کا شکار رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سوات میں تاریخ کا بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کیا گیا اور طویل عرصے تک امن قائم رہا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ خیبرپختونخوا قدرتی حسن اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ہم اسے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔گورنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، جبکہ سابق قیادت اہم اجلاسوں، خصوصاً ایپکس کمیٹی کے اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کرتی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان دشمن عناصر ملک میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تحریک انصاف کو وفاق کے سامنے صوبے کے مسائل مشترکہ طور پر اٹھانے کی دعوت دی، کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہو چکی تھی اور وفاقی حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنا پڑے۔ ہماری اولین ترجیح خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنا ہے، تاہم وفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔