باصلاحیت بچوں کی کامیابی میں مالی مشکلات آڑے نہیں آئیں گی، سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے کسی بھی باصلاحیت بچے کی ترقی اور کامیابی میں وسائل کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، حکومت ایسے بچوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کم سن شطرنج کے ماہر عبدالرحمٰن نے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں کے درمیان شطرنج کا دوستانہ مقابلہ بھی ہوا۔ میر سرفراز بگٹی نے بچے کی ذہانت، غیر معمولی صلاحیتوں اور کھیل میں مہارت کو سراہتے ہوئے اسے تعریفی سند اور نقد انعام دیا۔ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ عبدالرحمٰن کا تعلق کوئٹہ کے ایک غریب گھرانے سے ہے اور ان کے والد بے روزگار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بچے کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس کے خاندان کی مالی مشکلات کے پیش نظر والد کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شطرنج جیسے ذہنی کھیل بچوں اور نوجوانوں میں غور و فکر، حکمت عملی، صبر و تحمل اور بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بچوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع اور سرپرستی فراہم کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ صوبائی حکومت باصلاحیت بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔