پشاور( اباسین خبر) پشاور میں خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی میں تین ماہ کے لیے عبوری بجٹ پیش کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بجٹ بانی چیئرمین سے مشاورت کے بعد پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بانی سیاسی قیادت عمران خان سے بجٹ پر مشاورت چاہتی ہے، اور اگر فوری فیصلہ کیا جائے تو بجٹ ایک دن میں بھی پیش کیا جا سکتا ہے، تاہم اس پر مشاورت جاری ہے۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بجٹ کے متبادل آئینی اور قانونی امور پر غور کیا گیا، جس میں آرٹیکل 122، 123 اور 125 کے تحت "ووٹ آن اکاؤنٹ" کے آپشن پر بھی بحث ہوئی۔اجلاس میں زیر غور تجاویز پر مزید قانونی مشاورت کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ آئینی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھا جا سکے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ ان کی جماعت کا کوئی رکن کسی صورت الگ نہیں ہوگا اور تمام فیصلے متحد ہو کر کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا بجٹ 15 جون کے بعد پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس حوالے سے حکومتی سطح پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔