خیبرپختونخوا میں مارخور شکار پرمٹس کی نیلامی سے 34 کروڑ روپے کی آمدن
پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے اجازت ناموں کی نیلامی سے ریکارڈ آمدن حاصل ہوئی ہے۔ چترال اور کوہستان میں ہونے والی نیلامی سے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 34 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔یہ آمدن گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 66 ہزار ڈالر زیادہ ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے بنتے ہیں۔نیلامی کے دوران چترال اور کوہستان کے مختلف علاقوں میں مارخور کے شکار کے اجازت ناموں کے لیے بھاری بولیاں لگائی گئیں۔ توشی ون چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر، توشی ٹو چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر، گہریت گول چترال کا پرمٹ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر جبکہ کیگاہ کھوار کوہستان کا پرمٹ 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر میں نیلام ہوا۔حکام کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد حصہ مقامی آبادی کو دیا جائے گا، جبکہ باقی 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد مقامی کمیونٹی کو جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں شریک کرکے مالی فوائد فراہم کرنا ہے۔