کوئٹہ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی، 10 خواتین سمیت 13 افراد گرفتار
کوئٹہ( اباسین خبر) محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان نے شہر کے مختلف علاقوں میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 خواتین سمیت 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل میر سیف اللہ خان کھیتران کی ہدایت پر ویلفیئر ہوم فار بیگرز کی ٹیم نے جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازار، پرنس روڈ، پٹیل روڈ، ڈبل روڈ اور سریاب روڈ پر کارروائیاں کیں۔کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والوں میں 10 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد منظم گداگری کی حوصلہ شکنی اور ایسے افراد کی نشاندہی کرنا ہے جو حقیقی طور پر مدد اور بحالی کے مستحق ہیں۔ڈی جی سوشل ویلفیئر بلوچستان میر سیف اللہ خان کھیتران نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ور گداگری کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں اور قانون کے مطابق ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر اس رجحان کی روک تھام کی جاسکے۔