ستمبر میں 5 ہزار 241 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، مجموعی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار ہوگئی
کراچی( کامرس ڈیسک)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران ملک میں 5 ہزار 241 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد مجموعی کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار تک پہنچ گئی۔ نئی رجسٹریشنز میں 99.9 فیصد عمل آن لائن مکمل کیا گیا۔رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 3 ہزار 13 پرائیویٹ لمیٹڈ، 2 ہزار 58 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 محدود ذمہ داری کی شراکت داریاں، 29 غیر منافع بخش ادارے، 10 پبلک کمپنیاں، دو تجارتی تنظیمیں اور دو غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔علاقائی لحاظ سے پنجاب 2 ہزار 740 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ اسلام آباد میں ایک ہزار 9، سندھ میں 790، خیبر پختونخوا میں 428، گلگت بلتستان میں 169 اور بلوچستان میں 105 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔شعبہ وار اعدادوشمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سب سے زیادہ 920 کمپنیاں قائم ہوئیں۔ ٹریڈنگ میں 808، سروسز میں 599، تعمیرات میں 339، فوڈ میں 239، سیاحت میں 222 اور رئیل اسٹیٹ میں 193 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔تعلیم کے شعبے میں 189، ای کامرس میں 179 اور کان کنی میں 127 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں، جبکہ دیگر شعبوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 426 کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ایس ای سی پی کے مطابق ستمبر کے دوران 167 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے عمل میں حصہ لیا، جن میں چین کے 113 سرمایہ کار سرفہرست رہے۔کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کا تناسب 14 فیصد، حتمی مستفید مالکان میں 11 فیصد اور چیف ایگزیکٹوز کے عہدوں پر خواتین کی نمائندگی 8 فیصد رہی۔