کراچی پورٹ پر پہلی بار رورو جہاز کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی آمد

کراچی پورٹ پر پہلی بار رورو جہاز کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی آمد

Jul 17, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) پاکستان کی بحری تجارتی تاریخ میں پہلی مرتبہ رورو شپمنٹ کے ذریعے دو ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں، جسے بندرگاہی اور لاجسٹکس نظام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے بتایا کہ ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی سے کراچی پورٹ کے کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا ہے، جہاں رورو شپمنٹ کے ذریعے درآمد کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں کو اتارنے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار رورو جہاز کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد بحری تجارت میں ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو جدید بندرگاہی سہولیات اور مؤثر لاجسٹکس نظام کی جانب اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق رورو جہازوں کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ گاڑیوں کو براہِ راست چلا کر جہاز میں لوڈ اور اَن لوڈ کیا جاتا ہے، جس سے وقت کی بچت، اخراجات میں کمی اور کارگو ہینڈلنگ کی رفتار و استعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔جنید انوار چودھری نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو الیکٹرک گاڑیوں کی شپمنٹ ملک کی بحری تجارت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ جدید بندرگاہی انفراسٹرکچر پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی پورٹ کو عالمی معیار کی جدید شپنگ سہولیات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان بین الاقوامی تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں مزید مؤثر اور نمایاں کردار ادا کر سکے۔