کپل شرما کا کامیڈی شو پانچویں سیزن کے ساتھ واپس آگیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی کامیڈین کپل شرما کا مقبول پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ تقریباً 6 ماہ کے وقفے کے بعد پانچویں سیزن کے ساتھ نیٹ فلکس پر واپس آگیا۔شو کے پانچویں سیزن کی پہلی قسط میں اداکار اجے دیوگن اپنی فلم ’درشیم: دی کنکلوژن‘ کی کاسٹ کے ہمراہ شریک ہوں گے۔ پہلی قسط 26 ستمبر کو رات 8 بجے نشر کی جائے گی، جبکہ نئی اقساط ہر ہفتے پیش کی جائیں گی۔کپل شرما کے ساتھ اس سیزن میں سنیل گروور، کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، ارچنا پورن سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو بھی موجود ہوں گے۔افتتاحی قسط میں اجے دیوگن کے علاوہ شریا سرن، ایشیتا دتا، مرنال جادھو، جے دیپ اہلاوت اور ہدایت کار ابھیشیک پاٹھک بھی شرکت کریں گے۔ فلم کی کاسٹ اپنی آنے والی تھرلر فلم کے بارے میں گفتگو کے ساتھ شو میں مختلف مزاحیہ سرگرمیوں کا حصہ بنے گی۔پروگرام کی تشہیری جھلکیوں میں جے دیپ اہلاوت اور کرشنا ابھیشیک کا مزاحیہ ڈانس، کیکو شاردا کے ’سونا اور مونا 2.0‘ انداز اور سنیل گروور کی اجے دیوگن کی نقل بھی دکھائی گئی ہے۔واضح رہے کہ ’درشیم: دی کنکلوژن‘ میں اجے دیوگن ایک بار پھر وجے سالگاؤںکر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں تبو، شریا سرن، ایشیتا دتا، مرنال جادھو، راجت کپور، پرکاش راج اور جے دیپ اہلاوت بھی شامل ہیں، جبکہ فلم کی نمائش 2 اکتوبر کو سینما گھروں میں متوقع ہے۔