امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کے حوصلے اور جدوجہد کو سراہ دیا
ممبئی ( شو بز ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور مسلسل آگے بڑھنے کے جذبے کی تعریف کی ہے۔یہ گفتگو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ سیزن 18 کی حالیہ قسط میں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ بات چیت کے دوران ہوئی، جہاں شاہ رخ خان سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔راج کمار راؤ نے اپنے ابتدائی دنوں کی یادیں بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی اداکاری کو پیشہ بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ ان کے کمرے میں امیتابھ بچن کا پوسٹر لگا ہوا تھا اور وہ طویل عرصے تک انہیں اپنا آئیڈیل سمجھتے رہے۔شاہ رخ خان کا ذکر کرتے ہوئے راج کمار راؤ نے بتایا کہ ممبئی میں اپنے ابتدائی برسوں کے دوران وہ اس بات سے متاثر تھے کہ دہلی کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے شاہ رخ خان نے تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے سفر شروع کرکے بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنائی۔انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان سے اپنی عقیدت کے اظہار کیلئے وہ کئی مرتبہ ان کے گھر ’منت‘ کے باہر کھڑے بھی ہوا کرتے تھے۔راج کمار راؤ کی گفتگو کے بعد امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات میں آسانی سے ہمت نہیں ہارتے۔امیتابھ بچن کے مطابق شاہ رخ خان کی ایک نمایاں خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کا حوصلہ بڑھاتے اور مشکل وقت میں ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو، شاہ رخ خان سامنے والے شخص سے بات کرکے اسے حوصلہ دیتے ہیں۔ یوں پروگرام میں راج کمار راؤ کی یادوں سے شروع ہونے والی گفتگو شاہ رخ خان کی جدوجہد اور ساتھی فنکاروں پر ان کے مثبت اثرات تک جا پہنچی۔