دانش تیمور کی جذباتی اداکاری پر مداحوں کا طنز، ویڈیو وائرل
کراچی ( شو بز ڈیسک)معروف اداکار دانش تیمور نئے ڈرامے کے ایک جذباتی منظر میں اداکاری پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔ڈرامے کی حالیہ قسط میں دانش تیمور کے کردار شاہ داؤد کو والد دستور علی خان کے انتقال کی اطلاع ملتی ہے، جس کے بعد وہ شدید صدمے اور غم کی کیفیت میں دکھائی دیتے ہیں۔تاہم متعدد ناظرین کو یہ منظر متاثر نہ کرسکا اور صارفین نے اداکاری کو غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے زیادہ سادہ اور فطری انداز میں پیش کیا جاسکتا تھا۔ایک صارف نے کہا کہ وہ دانش تیمور کے مداح ہیں لیکن جذباتی مناظر میں ان کی اداکاری متاثر کن محسوس نہیں ہوتی، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ سنجیدہ منظر دیکھ کر بھی اسے ہنسی آگئی۔دوسری جانب بعض مداحوں نے ڈرامے میں دانش تیمور کے چہرے کے کھنچے اور سخت دکھائی دینے پر بھی تبصرے کیے اور قیاس کیا کہ شاید انہوں نے حالیہ دنوں میں بوٹوکس کا علاج کروایا ہے۔