لکی مروت میں ورکرز کنونشن کے بعد فائرنگ، سامان نذرِ آتش
لکی مروت ( اباسین خبر) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ورکرز کنونشن کے اختتام کے بعد نامعلوم افراد نے لوڈر رکشے پر فائرنگ کرکے اسے سامان سمیت آگ لگا دی۔سرائے نورنگ کے انصاف ہاؤس میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید خان نے خطاب کیا اور پارٹی کارکنوں کے کردار کو تحریک انصاف کی طاقت قرار دیا۔ذرائع کے مطابق کنونشن کے اختتام پر کراکری، کرسیاں اور دیگر سامان لے جانے والا لوڈر رکشہ روانہ ہوا تو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے بعد رکشے، کرسیوں اور سامان کو آگ لگا دی گئی۔آتشزدگی کے نتیجے میں لوڈر رکشہ، کرسیاں، کراکری اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جس سے بھاری مالی نقصان ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان رکشہ ڈرائیور سے موبائل فون بھی چھین کر فرار ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ واقعے پر پارٹی کارکنوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔