ظہران ممدانی کا نیتن یاہو پر فلسطینیوں بارے جھوٹ پھیلانے کا الزام

ظہران ممدانی کا نیتن یاہو پر فلسطینیوں بارے جھوٹ پھیلانے کا الزام

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان پر فلسطینیوں کے خلاف جنگ سے متعلق بے بنیاد دعوے پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔نیتن یاہو نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ظہران ممدانی کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’نیویارک کا یہود مخالف میئر‘‘ قرار دیا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نے ممدانی کی میئر کی انتخابی مہم کے دوران انہیں گرفتار کرنے کے وعدے کا بھی طنزیہ حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممدانی نے انہیں نیویارک آنے سے روکنے اور خاموش کرانے کی کوشش کی، تاہم ایسا نہیں کیا جاسکتا۔ظہران ممدانی نے ردعمل میں کہا کہ نیتن یاہو کو مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے سلسلے میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کا سامنا ہے۔نیویارک کے میئر نے نیتن یاہو کو ’’ہولناک نسل کشی کا معمار‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اسرائیلی وزیراعظم غزہ کے انسانی بحران کو چھپانے کیلئے عالمی پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو نے اپنی تقریر میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو درست ثابت کرنے کیلئے ایک بار پھر بے بنیاد دعوے دہرائے۔ظہران ممدانی نے نیتن یاہو کے بیان کا جواب سوشل میڈیا پر براہ راست دینے کے بجائے اپنی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن میں غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی خاندانوں کے ساتھ زیتون کا پودا لگانے کی تقریب کی ویڈیو شیئر کی۔انہوں نے ویڈیو کے ساتھ پیغام میں کہا کہ گزشتہ رات غزہ کے فلسطینی خاندانوں کے ساتھ گریسی مینشن میں زیتون کا درخت لگایا، دعا ہے کہ ہمارا مستقبل امن کا ہو۔