گڈز ٹرانسپورٹرز کا ضبط گاڑیوں اور کنٹینرز کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کا ضبط گاڑیوں اور کنٹینرز کا معاوضہ دینے کا مطالبہ

Sep 26, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (( کامرس ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج مؤخر کیے جانے کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تاحال تحویل میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاہور سے مزید تقریباً 200 گاڑیاں تحویل میں لے کر اسلام آباد منتقل کی گئی ہیں جبکہ ان کے کنٹینرز بھی اتارے جا رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں تحویل میں لی گئی گاڑیوں کی مجموعی تعداد 2500 سے تجاوز کرچکی ہے۔محمد اویس چوہدری کے مطابق دو ہفتوں سے زائد عرصے سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ لوڈ گاڑیاں فوری طور پر رہا کی جائیں اور خالی گاڑیوں کے مالکان کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزراء کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی کے دعووں کے پیش نظر 2013 سے اب تک ادا کی گئی رقوم کا شفاف آڈٹ اور تحقیقات ہونی چاہئیں۔صدر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ معاوضہ کسی ایسوسی ایشن، ٹھیکیدار یا تیسرے فریق کے بجائے براہ راست ان گاڑی مالکان کو دیا جائے جن کی گاڑیاں تحویل میں لی گئی ہیں۔ان کے مطابق گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ سے سپلائی چین متاثر ہورہی ہے اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ حکومت فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے، ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کا ازالہ کرے اور انہیں کسی سخت اقدام پر مجبور نہ کیا جائے۔