جویریہ سعود نے شان شاہد کے مؤقف کی حمایت کردی
لاہور( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ و پروڈیوسر جویریہ سعود نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے سے متعلق اداکار شان شاہد کے مؤقف کی حمایت کردی۔جویریہ سعود نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستانی فنکاروں کے بھارتی شوبز انڈسٹری کے ساتھ بڑھتے ہوئے اشتراک پر شان شاہد کا سوال اٹھانا درست ہے۔انہوں نے کہا کہ شہرت، زیادہ فالوورز اور پیشہ ورانہ مواقع کے حصول کی خواہش قابلِ فہم ہے، کیونکہ بھارتی تفریحی صنعت کا حجم کہیں زیادہ ہے اور وہاں کام کرنے سے پاکستانی فنکاروں کو وطن واپسی پر زیادہ پہچان، مالی مواقع اور نمایاں حیثیت مل سکتی ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ فنکار کا اپنے کیریئر کو وسعت دینے اور زیادہ ناظرین تک پہنچنے کی خواہش فطری ہے، تاہم جب ناانصافی یا اپنے ملک سے متعلق معاملات سامنے آئیں تو پیشہ ورانہ مواقع کو ذاتی اقدار اور اصولوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔