جاوید جعفری کی اہلیہ مبینہ 16 کروڑ روپے کے مالیاتی فراڈ کیس میں متاثر

2 دن قبل
جاوید جعفری کی اہلیہ مبینہ 16 کروڑ روپے کے مالیاتی فراڈ کیس میں متاثر

ممبئی( شو بز ڈیسک)بولی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین جاوید جعفری کی اہلیہ حبیبہ جعفری ایک بڑے مالیاتی اسکینڈل میں مبینہ طور پر متاثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس میں 16 کروڑ 24 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کے فراڈ کا الزام شامل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس کیس میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک کاروباری شخصیت نشیت پٹیل کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ کھار پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سمیت چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔عدالت نے گرفتار ملزم نشیت پٹیل کو 19 مئی تک پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔پولیس تفتیش کے مطابق اس مبینہ منظم فراڈ کا آغاز اپریل 2024 میں اس وقت ہوا جب حبیبہ جعفری کو اندھیری میں واقع اپنی جائیداد کے حوالے سے پراپرٹی ٹیکس نوٹس موصول ہوا۔اسی دوران ایک شخص علی رضا نے ان کا رابطہ مبینہ طور پر بی ایم سی کے اسسٹنٹ کمشنر مہیش پاٹل سے کروایا، جس نے انہیں باندرہ کے ایک ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا۔تحقیقات کے مطابق ملزمان نے متاثرہ فریق کو قائل کیا کہ ان کے معروف بلڈرز اور سرکاری شخصیات سے قریبی تعلقات ہیں اور اسی بنیاد پر انہیں نیو کمل کنج ری ڈیولپمنٹ منصوبے میں سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے بھاری منافع، قیمتی جائیداد اور جلد قبضے کے وعدے کیے گئے، جبکہ اس دوران مبینہ طور پر جعلی دستاویزات، فرضی لیٹر آف انٹرسٹ اور رجسٹریشن پیپرز بھی تیار کیے گئے۔پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ کرداروں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔