اباسین خبر

ایران کے سفیر کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف، امن معاہدے میں کردار کو سراہا

ایران کے سفیر کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف، امن معاہدے میں کردار کو سراہا

اسلام آباد( اباسین خبر) پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ اور سفارتی قیادت کے کردار کو سراہا ہے۔یہ بات انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی، جہاں ایران امریکا امن معاہدے، پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر ایران کی قیادت اور عوام کو معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران حکومت اور عوام پاکستان کی پارلیمانی، سیاسی، سفارتی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ملاقات میں پاک ایران تعلقات، پارلیمانی روابط کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ بعد ازاں ایرانی سفیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی۔