سرمایہ کاروں کی شراکت ڈھائی سال میں دوگنا سے زائد بڑھی: وزیر خزانہ

سرمایہ کاروں کی شراکت ڈھائی سال میں دوگنا سے زائد بڑھی: وزیر خزانہ

Oct 1, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں سرمایہ کاروں کی شمولیت گزشتہ ڈھائی برس کے دوران دوگنا سے زیادہ ہوچکی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے لیے مالیاتی استحکام بنیادی اہمیت رکھتا ہے، تاہم اب معیشت میں تیزی اور مندی کے بار بار آنے والے چکر کو روک کر استحکام کو دیرپا بنانا ضروری ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق ’’اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے 60 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ بینکوں نے 340 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اصل توجہ قرضوں کی دستیابی کے بجائے منصوبوں پر عمل درآمد اور رسد میں بہتری پر ہونی چاہیے۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ جب وہ 29 مارچ 2024ء کو پہلی بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج آئے تو 100 انڈیکس تقریباً 67 ہزار پوائنٹس پر تھا، جو اب ایک لاکھ 70 ہزار تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ 20 برس میں سب سے زیادہ ابتدائی عوامی حصص کی پیشکشیں گزشتہ سال ہوئیں، جن کی تعداد 11 رہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں نئی نسل اور درمیانی عمر کے نوجوان سرمایہ کاروں کی شمولیت 85 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ ان کے مطابق پہلی بار بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترک سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری نجی شعبے کے لیے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے، جبکہ معاشی سرگرمیوں میں قیادت نجی شعبے کو کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت مالیاتی استحکام کو پائیدار بنانے اور معیشت کو بار بار آنے والی تیزی و مندی سے نکالنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔