بیٹری صنعت میں سرمایہ کاری کے امکانات روشن، صنعتی گروپس سرگرم
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان میں شمسی توانائی کے پینلز کے بعد بیٹری ذخیرہ کرنے کے نظام کی درآمد اور تنصیب میں تیزی آنے سے مقامی سطح پر بیٹریوں کی تیاری اور اسمبلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ متعدد صنعتی گروپس نے ملک میں بیٹری اسمبلی کے کارخانے لگانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے، تاہم ماہرین نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے پہلے اس کی معاشی اور تکنیکی افادیت کا جائزہ لینے پر زور دیا ہے۔پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے ابتدائی 8 ماہ میں پاکستان نے تقریباً 4.57 گیگا واٹ آور گنجائش کی لیتھیم بیٹریاں درآمد کیں، جن کی مجموعی مالیت 274 ملین ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق کئی صنعتی گروپس بیٹری اسمبلی کے کارخانے قائم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بعض سرمایہ کار مجوزہ حکومتی بیٹری ذخیرہ پالیسی کے اعلان کے منتظر ہیں، جبکہ کچھ سرمایہ کاری کے فیصلے بھی کرچکے ہیں۔صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری سیلز کی تیاری جدید اور پیچیدہ ٹیکنالوجی سے جڑا شعبہ ہے، جس کے لیے بھاری سرمایہ، خصوصی مشینری، تربیت یافتہ کارکنوں اور معیار کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔اس صنعت میں چین کو عالمی سطح پر نمایاں برتری حاصل ہے، جہاں دنیا کی 80 فیصد سے زائد پیداواری صلاحیت اور بیٹری سیلز کی تیاری موجود ہے۔ مربوط رسدی نظام، جدید ٹیکنالوجی اور بڑے پیمانے پر پیداوار کے باعث دیگر ممالک کے لیے چینی کمپنیوں کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ یورپ کی بڑی صنعتی کمپنیوں کو بھی اس میدان میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔جرمنی اور یورپی سرمایہ کاروں کی معاونت سے قائم سویڈن کی کمپنی نارتھ وولٹ نے تقریباً 15 ارب ڈالر جمع کیے، لیکن پیداواری مسائل، اخراجات میں اضافے اور تکنیکی دشواریوں کے باعث مارچ 2025 میں دیوالیہ ہوگئی۔ اسی طرح بعض دیگر عالمی کمپنیوں کی تیار کردہ بیٹریاں چینی مصنوعات کے مقابلے میں 30 سے 50 فیصد تک مہنگی ہیں۔بھارت نے 2021 میں تقریباً 2.1 ارب ڈالر کے منصوبے کے تحت 50 گیگا واٹ آور بیٹری سازی کی صلاحیت قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم دسمبر 2025 تک وہاں صرف ایک گیگا واٹ آور پیداواری صلاحیت نصب ہوسکی تھی۔ اس ناکامی کی بڑی وجوہات میں جدید ٹیکنالوجی، تربیت یافتہ افرادی قوت اور بیٹریوں کے خام مال سمیت اہم اجزا کی مقامی سطح پر عدم دستیابی شامل ہیں۔