انویسٹ پاک پورٹل سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہے، وزیر خزانہ
کراچی( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ پاکستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع رکھتا ہے۔کراچی میں انویسٹ پاک پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس اقدام کو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک کو کامیاب آغاز پر مبارکباد بھی پیش کی۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا بنیادی مقصد مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے۔ ان کے مطابق اس جدید نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مختلف خدمات اور معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ جاز کیش کے ذریعے صرف پانچ ہزار روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا جا سکتا ہے، جس سے عام شہریوں کے لیے بھی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ خوش آئند ہے، جبکہ نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زیڈ، کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل عالمی معیار کی ڈیجیٹل سہولت فراہم کرے گا اور سرمایہ کاری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق ملکی معاشی ترقی میں نجی شعبے کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔