بھارتی فلم پر سخت تنقید، اسکرپٹ اور حقائق میں تضادات بے نقاب، پاکستانی سینما کو مضبوط بنانے کا مطالبہ

2 دن قبل
بھارتی فلم پر سخت تنقید، اسکرپٹ اور حقائق میں تضادات بے نقاب، پاکستانی سینما کو مضبوط بنانے کا مطالبہ

کراچی( شو بز ڈیسک) ایکسپریس ایکسکلوسیو کی تازہ پوڈکاسٹ میں بھارتی فلم دھرندھر دو کے اسکرپٹ اور تکنیکی پہلوؤں پر شدید تنقید کرتے ہوئے متعدد تضادات اور خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔فلمی نقاد آفتاب خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی فلمیں تفریح سے زیادہ مخصوص مقاصد کے تحت تیار کی جاتی محسوس ہوتی ہیں، جن میں حقیقت کے بجائے یکطرفہ بیانیہ پیش کیا جاتا ہے۔انہوں نے تکنیکی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں مختلف ادوار کو بے ترتیب انداز میں دکھایا گیا ہے، کہیں پرانی دہائیوں کی جھلک نظر آتی ہے تو کہیں جدید دور کا منظرنامہ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ تیاری میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔لیاری اور پاکستانی ثقافت کی عکاسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم میں دکھائے گئے مناظر حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے، مقامی طرز زندگی اور ثقافتی پہلوؤں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔آفتاب خان نے شہید پولیس افسر چوہدری اسلم کے کردار اور ان کی شہادت کے واقعے کو بھی مسخ کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ فلم میں پیش کردہ بیانیہ حقائق کے برعکس ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک معروف گانے کو بار بار استعمال کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تخلیقی مواد کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگرچہ اس سے اصل فنکار کو مالی فائدہ ضرور پہنچتا ہے۔بالی ووڈ کے بڑے فنکاروں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات فنکار دباؤ کے باعث ایسے منصوبوں کا حصہ بن جاتے ہیں جو متنازع نوعیت رکھتے ہیں۔گفتگو کے اختتام پر انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی فلمی صنعت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معیاری اور حقیقت پر مبنی فلموں کے ذریعے ملک کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔