معاشی مسائل کا حل برآمدات میں اضافہ ہے، محسن نقوی

معاشی مسائل کا حل برآمدات میں اضافہ ہے، محسن نقوی

Oct 3, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل دور کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، اس مقصد کے لیے جامع اور عملی منصوبہ تیار کرنا ہوگا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کیونکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے برآمدات میں بہتری ضروری ہے۔انہوں نے ایران کے اپنے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں تعمیرات، گاڑیوں کی صنعت اور دیگر شعبوں میں مقامی سطح پر مصنوعات تیار کی جارہی ہیں۔ ان کے مطابق اگر ایران مشکل حالات کے باوجود اپنی پیداوار بڑھا سکتا ہے تو پاکستان بھی مقامی صنعت کو فروغ دے سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہیے اور ملکی مصنوعات کو ترجیح دے کر درآمدات کم اور برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔محسن نقوی نے تاجروں کو یقین دلایا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے اور جہاں ضرورت ہوگی، ان کے لیے دستیاب ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت گزشتہ چند ماہ سے کاروباری پاسپورٹ کے منصوبے پر کام کررہی ہے تاکہ تاجروں کو بیرون ملک کاروباری سفر اور ویزوں کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کم کی جاسکیں۔ منصوبہ منظوری کے لیے وزیراعظم کے سامنے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک کے نظام میں بہتری کے لیے اسے ازسرنو منظم کرنے کی ضرورت ہے اور اس عمل میں تاجروں اور عوام کا تعاون اہم ہوگا۔ ان کے مطابق نظام میں بہتری آنے کے بعد معاملات مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔