دولت میں 2490 کروڑ کمی، شاہ رخ پھر بھی امیر ترین اداکار
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی فلموں کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی دولت میں ایک سال کے دوران تقریباً 2 ہزار 490 کروڑ روپے کمی ہوئی، تاہم وہ اب بھی بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار ہیں۔ہورون انڈیا کی 2026ء کی دولت مند شخصیات کی فہرست کے مطابق شاہ رخ خان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت کم ہوکر تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے رہ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ مالیت 12 ہزار 490 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد امیتابھ بچن 4 ہزار کروڑ، سلمان خان 3 ہزار کروڑ اور ریتک روشن 2 ہزار 500 کروڑ روپے کی دولت کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔شاہ رخ خان کی مجموعی دولت میں فلموں اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن کے علاوہ ان کے کاروباری اداروں، ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس سے حاصل ہونے والی دولت بھی شامل ہے۔شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’’کنگ‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 24 دسمبر 2026ء کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں دیپیکا پڈوکون، شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان اور ابھے ورما بھی شامل ہیں، جبکہ ابھیشیک بچن ولن کا کردار ادا کریں گے۔