حرا مانی کا کہنا ہے کہ ان کا واحد دوست شوہر مانی ہیں
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافات اور جھگڑے معمول کا حصہ ہیں، تاہم شوہر کا دوست بن جانا کامیاب ازدواجی زندگی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔حرا مانی نے انسٹاگرام کی کہانی میں بتایا کہ ایسا نہیں کہ وہ اور ان کے شوہر مانی کبھی نہیں لڑتے، بلکہ دونوں کے درمیان کئی مرتبہ شدید نوعیت کے جھگڑے بھی ہوجاتے ہیں۔اداکارہ کے مطابق میاں بیوی میں کبھی معمولی تلخ کلامی ہوتی ہے تو بعض اوقات معاملہ شدید بحث تک بھی پہنچ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور مانی دن میں کئی مرتبہ لڑتے ہیں، تاہم انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ ان کا شوہر ہی ان کا دوست بھی بن جائے گا۔حرا مانی نے کہا کہ انہوں نے کئی لوگوں سے سنا ہے کہ ان کے شوہر اچھے نہیں ہوتے، لیکن وہ اپنے شوہر سے دن بھر گفتگو کرتی رہتی ہیں اور حتیٰ کہ ناراضی یا لڑائی کے دوران بھی دونوں کے درمیان بات چیت جاری رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماشاء اللہ ان کا صرف ایک دوست ہے اور وہ مانی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس رشتے کو نظرِ بد سے محفوظ رکھنے کی دعا بھی کی۔