شاہد کپور کے باعث ’جب وی میٹ‘ بن سکی، امتیاز علی کا انکشاف
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سپر ہٹ فلم ’’جب وی میٹ‘‘ دراصل شاہد کپور کی دلچسپی اور اصرار کی وجہ سے بن سکی۔اپنی نئی فلم ’’میں واپس آؤں گا‘‘ کی کامیابی کے دوران ایک انٹرویو میں امتیاز علی نے بتایا کہ ابتدا میں وہ یہ فلم بوبی دیول کے ساتھ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم یہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ’’جب وی میٹ‘‘ شاہد کپور کی وجہ سے وجود میں آئی۔ ان کی شاہد سے ملاقات کسی دوسری فلم کے سلسلے میں ہوئی تھی اور اس وقت ’’جب وی میٹ‘‘ پر کام نہیں ہو رہا تھا۔امتیاز علی کے مطابق ملاقات کے دوران شاہد کپور نے پوچھا کہ کیا ان کے پاس ایسی کوئی کہانی موجود ہے جس میں ایک لڑکا اور لڑکی کی ملاقات ٹرین میں ہوتی ہو۔ہدایت کار نے بتایا کہ انہوں نے شاہد کو ایک ایسی کہانی کے بارے میں بتایا، جسے وہ پہلے بوبی دیول کے ساتھ بنانے کا سوچ رہے تھے، مگر بعد میں وہ منصوبہ ترک ہو گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس کہانی پر مزید کام کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے، لیکن شاہد کپور نے اس کی تفصیل سننے پر زور دیا کیونکہ انہیں یہ خیال بے حد پسند آیا تھا۔امتیاز علی کے مطابق شاہد نے انہیں یقین دلایا کہ یہ ایک شاندار رومانوی اور مزاحیہ فلم ثابت ہوگی اور اسے ضرور پردۂ سیمیں کی زینت بننا چاہیے۔بعد ازاں ’’جب وی میٹ‘‘ میں شاہد کپور اور کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیے اور یہ فلم ہندی سنیما کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہو گئی۔