آئی ایم ایف کا گیس نرخوں میں حکومتی کمی کا اختیار محدود کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ گیس کے نرخوں میں کمی کے اختیار کو محدود کیا جائے، کیونکہ صارفین کے لیے ٹیرف کم کرنے سے گیس شعبے کا گردشی قرضہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے گیس نرخوں اور اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں میں فرق کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا آرڈیننس 2002 میں مزید ترامیم کا مطالبہ کیا ہے۔فنڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے بعد حکومت کو مقررہ مدت میں صارفین کے لیے گیس نرخوں میں ضروری ردوبدل یقینی بنانا ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے اوگرا کی مقرر کردہ قیمتوں پر بروقت نظرثانی اور آئی ایم ایف کو عمل درآمد رپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔گیس شعبے میں کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے کراس سبسڈی کا نظام رائج ہے، جس کے تحت صنعتی اور تجارتی صارفین سے نسبتاً زیادہ نرخ وصول کیے جاتے ہیں۔