آئی سی سی اجلاس: ون ڈے فارمیٹ سمیت اہم اصلاحات پر غور متوقع

آئی سی سی اجلاس: ون ڈے فارمیٹ سمیت اہم اصلاحات پر غور متوقع

Jul 7, 2026|ویب ڈیسک

لندن( سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ جنرل اجلاس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق متعدد اہم تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کی تجویز زیر بحث آ سکتی ہے، جس کے تحت 50 اوورز کے بجائے میچز کو 40 اوورز تک محدود کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق مختلف براعظموں کی ٹیموں کے درمیان کانٹینینٹل چیمپئن شپ کے انعقاد اور آئی سی سی ورلڈ کلب چیمپئن شپ کے آغاز کی تجاویز بھی اجلاس کے ممکنہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔عالمی کرکٹ کے مصروف شیڈول کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے ہر فارمیٹ کے لیے الگ ونڈو مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور آنے کا امکان ہے، تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد میں بہتر توازن پیدا کیا جا سکے۔مزید برآں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں شریک ٹیموں کی تعداد موجودہ تعداد سے بڑھا کر 12 کرنے اور واحد ٹیسٹ میچز کو بھی ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹس سسٹم میں شامل کرنے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس 8 سے 11 جولائی تک اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرگ میں منعقد ہوگی، جہاں مختلف رکن کرکٹ بورڈز کے نمائندے ان تجاویز پر غور کریں گے۔