جواد احمد کے لیے ہمیشہ دعا کی، اللہ ان کے دل کو سکون دے: ابرار الحق

جواد احمد کے لیے ہمیشہ دعا کی، اللہ ان کے دل کو سکون دے: ابرار الحق

Jun 15, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شوبز ڈیسک) معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ جواد احمد ایک معصوم انسان ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے لیے دعا کرتے ہیں۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔ جواد احمد سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ان کی باتوں کو دلچسپی سے سنتے ہیں اور ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔ابرار الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے جواد احمد کے لیے بہت دعائیں مانگی ہیں، یہاں تک کہ مکہ مکرمہ میں بھی ان کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ جواد احمد ان کے ساتھی فنکار ہیں اور انہیں افسردہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معلوم نہیں جواد احمد کے دل میں کس بات کا غصہ یا ناراضی ہے، تاہم وہ دعا کرتے ہیں کہ ان کے دل سے یہ احساسات ختم ہوں اور انہیں سکون، اطمینان اور خوشیاں نصیب ہوں۔جواد احمد کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک اور سوال پر ابرار الحق نے کہا کہ ان کی جانب سے کبھی کوئی منفی رویہ نہیں رہا، لیکن اب لوگ خود بھی مختلف معاملات میں جواد احمد کے طرزِ عمل کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔سیاسی جماعتوں سے متعلق سوال پر ابرار الحق نے کہا کہ برابری پارٹی اور اقرار الحسن کی سیاسی جدوجہد ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور دونوں کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی منظرنامے میں ابھی بھی عمران خان نمایاں حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی موجودگی میں کسی اور سیاسی شخصیت کا نمایاں ہونا آسان نہیں۔