رضوان کی طرح مجھے بھی ماضی میں ایسی صورتحال پیش آئی،یونس خان

رضوان کی طرح مجھے بھی ماضی میں ایسی صورتحال پیش آئی،یونس خان

Oct 2, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ وہ بطور کرکٹر محمد رضوان کے ساتھ کھڑے ہیں، کیونکہ ماضی میں انہیں بھی اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کا معاملہ تقریباً چار ماہ تک جاری رہا تھا۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ بطور کرکٹر ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بڑا نہیں ہونا چاہیے، اس لیے ایسے معاملات پر بات کرتے ہوئے احتیاط ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارہ ایک معتبر ادارہ ہے، محمد رضوان کو چاہیے کہ وہ مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق کارروائی آگے بڑھائیں۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ نہ وہ کسی کے وکیل ہیں اور نہ ہی انہیں اس مقدمے کی مکمل تفصیلات کا علم ہے۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ محمد رضوان سے متعلق معاملہ ایک سرکاری دورے کے دوران پیش آیا، اس لیے تحقیقات مکمل ہونے تک اس معاملے پر گفتگو میں احتیاط برتنی چاہیے۔واضح رہے کہ محمد رضوان کو 2 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے لاہور میں قومی سائبر جرائم تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔رضوان نے ادارے کو خط کے ذریعے جواب دیتے ہوئے پیشی کی تصدیق کی اور کہا کہ انہیں نوٹس موصول ہوگیا ہے، وہ 2 اکتوبر کو انکوائری میں شرکت کریں گے۔