احد رضا میر اور مایا علی کی قربت کی پھر چہ مگوئیاں
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکار احد رضا میر اور اداکارہ مایا علی ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، دونوں کے درمیان ممکنہ تعلق سے متعلق سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری ہیں۔دونوں فنکار ڈراما سیریل ’’ایک محبت اور‘‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جہاں ان کی جوڑی اور اداکاری کو مداحوں کی جانب سے خاصی پسندیدگی ملی۔ ڈرامے کے دوران احد رضا میر کی جانب سے مایا علی کو پسند کیے جانے سے متعلق پرانی باتیں بھی دوبارہ زیرِ بحث آگئی ہیں۔حال ہی میں احد رضا میر نے اپنی سالگرہ اہل خانہ کے ساتھ منائی، تاہم تقریب کی تصاویر میں شامل ایک منظر نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔اداکار نے سورج مکھی کے پھولوں کی تھیم پر سالگرہ منائی جبکہ پس منظر میں ان کی زندگی کی مختلف یادگار تصاویر آویزاں تھیں۔ ان تصاویر میں مایا علی کے ساتھ ’’ایک محبت اور‘‘ کے ایک منظر کی تصویر بھی شامل تھی۔مداحوں نے فوری طور پر اس تصویر کو مایا علی کی جانب سے ڈرامے کے اختتام پر شیئر کی گئی الوداعی پوسٹ سے جوڑ دیا۔ بعض صارفین نے یہ بھی نشاندہی کی کہ احد رضا میر کی والدہ اور مایا علی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک دوسرے کو فالو کرتی ہیں۔سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آنے کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان ممکنہ قربت کی قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا، تاہم احد رضا میر اور مایا علی نے اپنے تعلق کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔دوسری جانب اداکارہ دانانیر مبین کی حالیہ سرگرمیوں کو بھی بعض صارفین احد رضا میر سے مبینہ علیحدگی سے جوڑ رہے ہیں، تاہم اس بارے میں بھی کسی فریق کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔یوں احد رضا میر اور مایا علی کی مقبول اسکرین جوڑی ایک بار پھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بحث کا موضوع بن گئی ہے، جبکہ دونوں فنکاروں نے ان قیاس آرائیوں کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ تردید۔