شلپا راؤ نے نور جہاں کو 100ویں سالگرہ پر خراجِ عقیدت پیش کردیا
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ نے ملکۂ ترنم نور جہاں کی پیدائش کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر منفرد انداز میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔شلپا راؤ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں وہ نور جہاں کا معروف گیت ’’نیتِ شوق‘‘ گاتی ہوئی نظر آئیں۔ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں بھارتی گلوکارہ نے بتایا کہ 21 ستمبر نور جہاں کی سالگرہ تھی اور 2026ء ان کی پیدائش کی 100ویں سالگرہ کا سال ہے۔ انہوں نے عظیم پاکستانی گلوکارہ کے لیے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار بھی کیا۔شلپا راؤ کی جانب سے نور جہاں کو پیش کیے گئے اس خراجِ عقیدت کو دونوں ممالک کے موسیقی کے مداحوں کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی، جبکہ سماجی رابطوں کے صارفین نے بھی بھارتی گلوکارہ کے اقدام کو سراہا۔ملکۂ ترنم نور جہاں کا شمار برصغیر کی ممتاز ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کے انتقال کو کئی برس گزرنے کے باوجود ان کی آواز اور فن آج بھی موسیقی کے شائقین میں مقبول ہے۔