حنا پرویز بٹ کی رجب بٹ اور فیملی وی لاگز پر تنقید

حنا پرویز بٹ کی رجب بٹ اور فیملی وی لاگز پر تنقید

Jul 13, 2026|ویب ڈیسک

لاہور( شوبز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا انفلوئنسر اور فیملی وی لاگر رجب بٹ کے بعد ان کی والدہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔رجب بٹ پاکستان کے معروف یوٹیوبرز میں شامل ہیں، جن کے یوٹیوب چینل پر تقریباً 90 لاکھ سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر 29 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رجب بٹ کے وی لاگ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ویڈیو میں رجب بٹ کی والدہ کو ایک مذاقیہ منظر کے دوران بے ہوش ہونے کی اداکاری کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بعد میں وہ ہنستے ہوئے اٹھتی ہیں اور واضح کرتی ہیں کہ یہ منظر پہلے سے طے شدہ تھا۔ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ایسے مواد سے انہیں آمدنی حاصل ہوتی ہے، جبکہ کم عمر بچے بھی اس طرح کے مواد سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس خاندان نے معاشرے میں کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا۔حنا پرویز بٹ کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے سوشل میڈیا مواد کو نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا۔ایک صارف نے کہا کہ ایسے مواد کو بلاک اور نظر انداز کرنا ہی بہتر ہے، جبکہ ایک اور صارف نے پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ بعض صارفین نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ لوگ بڑی تعداد میں ایسے وی لاگز دیکھتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ حنا پرویز بٹ نے رجب بٹ اور ان کے خاندان کے سوشل میڈیا مواد پر تنقید کی ہو، اس سے قبل بھی وہ یوٹیوبر کے مواد کو بچوں کی تربیت اور اقدار کے لیے نقصان دہ قرار دے چکی ہیں۔