معیاری اسکرپٹس نہ ملنے سے کم کام کر رہی ہوں، حنا دل پذیر

معیاری اسکرپٹس نہ ملنے سے کم کام کر رہی ہوں، حنا دل پذیر

Jul 21, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ حنا دل پذیر نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے ٹی وی اسکرین پر کم دکھائی دینے کی بنیادی وجہ معیاری اسکرپٹس کی کمی اور اپنے فنی معیار پر سمجھوتہ نہ کرنا ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے حنا دل پذیر نے کہا کہ وہ زیادہ منصوبوں میں کام کرنے کے بجائے معیاری اور بااثر کرداروں کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف تعداد بڑھانے کے لیے ایسے کردار قبول نہیں کرنا چاہتیں جو ان کے تخلیقی معیار پر پورا نہ اترتے ہوں۔اداکارہ نے بتایا کہ اچھے اسکرپٹس ان تک بہت کم پہنچتے ہیں، اور اگر کوئی پیشکش آ بھی جائے تو وہ اب صرف کام کی خاطر سمجھوتہ کرنے پر آمادہ نہیں ہوتیں، اسی وجہ سے وہ ٹی وی ڈراموں میں کم نظر آتی ہیں۔حنا دل پذیر نے کہا کہ وہ بطور اداکارہ ہر قسم کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، خواہ وہ کسی عمر رسیدہ خاتون کا کردار ہو، کسی لڑکے کا روپ دھارنا ہو یا کوئی منفرد اور غیر روایتی کردار۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے کردار کی مضبوطی، کہانی میں اس کی اہمیت اور ناظرین پر اس کے اثرات سب سے زیادہ اہم ہیں، اور وہ ایسے ہی کرداروں کا انتخاب کرنا پسند کرتی ہیں۔